حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ وحدت مسلمین کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر پاکستان بھر میں احتجاجی دھرنوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، یہ احتجاجی دھرنے پارا چنار میں جاری احتجاجی دھرنے سے منسلک ہیں جب تک پارا چنار میں جاری احتجاجی دھرنے کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے تب تک لاہور سمیت ملک بھر مین احتجاجی دھرنوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ایم ڈبلیو ایم رہنماؤں کے مطابق، وقت کے ساتھ ساتھ اس احتجاجی تحریک میں اضافہ ہوتا چلا جائے گا، جس کا دائرہ کار ملک کے طول و عرض میں پھیلتا چلا جائے گا۔
کراچی؛ پارا چنار کے مؤمنین و مظلومین سے اظہار یکجہتی کیلئے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبۂ سندھ و کراچی ڈویژن کی جانب سے نمائش چورنگی پر پُرامن احتجاجی دھرنا جاری ہے۔
احتجاجی دھرنے میں بزرگ عالم دین خطیب اہل بیت علامہ سید حسن ظفر نقوی، علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن سمیت دیگر علمائے کِرام و مؤمنین و مومنات کی بڑی تعداد سخت سردی کے موسم کے باوجود قومی و ملی غیرت و بیداری کے ساتھ شریک ہیں۔
ایم ڈبلیو ایم کراچی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مؤمنین اپنی ذمہ داری کا ثبوت دیں اور فوری دھرنے میں شریک ہوں۔
واضح رہے آج پاکستان بھر میں ایم ڈبلیو ایم کے تحت پریس کلب کے سامنے پریس کانفرنس کرنا تھی، تاہم یہ پریس کانفرنسز احتجاجی دھرنے میں بدل گئی ہیں۔
ایم ڈبلیو ایم رہنماؤں کے مطابق، یہ احتجاجی دھرنے پارا چنار میں جاری احتجاجی دھرنوں سے منسلک ہیں اور جب تک پارا چنار کے مؤمنین کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، تب تک جاری رہیں گے۔
آپ کا تبصرہ